نئی دہلی،17اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)ہندوستانی دورے میں اب تک ایک بھی جیت درج کرنے میں ناکام رہی نیوزی لینڈ کی ٹیم اب دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں فیروز شاہ کوٹلہ کے اس میدان پر اترے گی جس میں اس نے اب تک ایک بھی میچ نہیں جیتا ہے جبکہ ہندوستان یہاں گزشتہ 11سال سے ناقابل شکست ہے۔ہندوستان نے فیروز شاہ کوٹلہ میں کسی بھی فارمیٹ میں آخری میچ اپریل 2005میں گنوایا تھا۔پاکستان کے خلاف کھیلا گیا یہ ون ڈے میچ ہندوستانی ٹیم چار وکٹ سے ہار گئی تھی،اس کے بعد اگرچہ ہندوستان کے لیے یہ میدان خوش قسمت بن گیا اور گزشتہ 11سال میں اس نے کوٹلہ میں ٹیسٹ اور ون ڈے میں کل ملا کر 13میچ کھیلے ہیں جن میں سے 11میں اس نے جیت درج کی، ایک ڈرا رہا جبکہ ایک میچ پچ خراب ہونے کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا تھا،اگر ون ڈے کی بات کریں تو کوٹلہ میں ہندوستان نے کل 18ون ڈے میچ کھیلے ہیں جن میں سے پانچ میں اسے کامیابی ملی جبکہ ایک کا نتیجہ نہیں نکلا۔ہندوستانی کوچ انیل کمبلے کے پسندیدہ میدان پر ٹیم نے 2006سے مسلسل چھ ون ڈے میچ جیتے ہیں۔جہاں تک نیوزی لینڈ کا سوال ہے تو اس کی ٹیم کو فیروز شاہ کوٹلہ میں آج تک کامیابی نہیں ملی،اس نے ہندوستان کے خلاف اس میدان پر دو ٹیسٹ میچ کھیلے جس میں ایک میں اسے شکست ہوئی جبکہ ایک ڈرا رہا۔نیوزی لینڈ نے یہاں پر اس سے پہلے دو ون ڈے میچ بھی کھیلے لیکن ہندوستان نے ان دونوں میں اسے کراری شکست دی۔
ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تیسرا ون ڈے موہالی میں کھیلا جائے گا جہاں کیوی ٹیم نے کچھ میچوں میں جیت کا ذائقہ چکھا ہے لیکن یہ میچ اس نے ہندوستان نہیں بلکہ اس کے پڑوسی پاکستان کے خلاف جیتے ہیں۔ہندوستان کے خلاف موہالی میں نیوزی لینڈ پہلی بار ون ڈے کھیلنے اترے گا،اس سے پہلے ان دونوں ٹیموں کے درمیان پی سی اے اسٹیڈیم میں صرف دو ٹیسٹ میچ کھیلے گئے اور وہ دونوں ڈرا رہے۔نیوزی لینڈ نے موہالی میں تین ون ڈے کھیلے ہیں جس میں دو میچوں میں اس نے پاکستان(1997انڈپنڈنس کپ) اور 2006(آئی سی سی چمپئنز ٹرافی) کو شکست دی تھی جبکہ آسٹریلیا کے خلاف اسی میدان پر 2006میں کھیلے گئے میچ میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔نیوزی لینڈ نے یہاں ورلڈ ٹی 20کا ایک میچ بھی پاکستان کے خلاف کھیلا جس میں اس نے جیت درج کی تھی۔رانچی اور وشاکھاپٹنم میں بالترتیب چوتھا اور پانچواں ون ڈے کھیلا جائے گا اور اس میں پہلی بار یہ دونوں ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔وشاکھاپٹنم میں 2012میں ان دونوں ٹیموں کے درمیان ایک ٹی 20میچ کھیلا جانا تھا لیکن بارش کی وجہ سے اس میچ میں ایک بھی گیند نہیں پھینکی جا سکی تھی۔